• news

افغانستان: کار بم دھماکے‘ جھڑپیں‘ 10 اہلکار‘ 7 عسکریت پسند ہلاک‘ 15 زخمی

کابل/ قندوز (شنہوا) افغانستان میں کار بم دھماکے اور جھڑپوں کے دوران 10سیکورٹی اہلکار اور 7 عسکریت پسند ہلاک جبکہ 15افراد زخمی ہوگئے۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی مضافاتی علاقے ارغندائی میں صبح سویرے فوجی کیمپ پر کار بم حملے میں کم از کم 2 فوجی ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ بات وزارت داخلہ کے عہدیدار نے جمعہ کے روز بتائی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان نے شنہوا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں کیمپ کے نگران ٹاور اور متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ ادھر افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں صبح سویرے جھڑپوں کے دوران 8 افغان فوجی اور 7 طالبان عسکریت پسند ہلاک اور 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کی تصدیق مقامی حکام نے جمعہ کے روز کی۔ ضلعی سربراہ محبوب اللہ سعیدی نے شنہوا کو بتایا کہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب بندوقوں اور راکٹ لانچروں سے لیس طالبان عسکریت پسند گروہ نے مزاحمتی ضلع امام صاحب میں سکیورٹی فورسز کے ٹھکانے پر حملہ کیا جس پر ان کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن