جعلی اکاونٹس ، آصف زرداری و دیگر کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور
اسلام آباد(نا مہ نگار)جعلی بینک اکاونٹس کیس میں آصف علی زرداری، عبدالغنی مجید اور دیگر ملزمان کی حاضری سے استثنا کی درخواستیں منظور ہوگئی ہیں۔جمعہ کو احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکاونٹس کے نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ دوران سماعت جج اعظم خان نے سوال کیا کہ گواہ عدالت میں آئے ہیں؟جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ گواہ بیان ریکارڈ کرانے کے لیے عدالت میں موجود ہیں۔دوران سماعت معاون وکیل نے استدعاکی کہ ارشد تبریز کی طبیعت خراب ہے اس لیے نہیں آ سکے سماعت ملتوی کی جائے، جس پر گواہ نے کہا کہ میں کراچی سے آیا ہوتا ہوں، چوتھی بار پیش ہوا ہوں، گزارش ہے سماعت آج یا پھر ایک ماہ بعد کرلیں۔اس پر عدالت نے کہا کہ سماعت اتنی تاخیر سے نہیں کر سکتے، سماعت کچھ دنوں میں کریں گے۔بعد ازاں عدالت نے آصف علی زرداری اور دیگر کے خلاف ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی سماعت 16نومبر تک ملتوی کردی۔