مریم نواز کے بیان نے نئی بحث چھیڑ دی‘ حکومتی حلقوں میں بھی کھلبلی
اسلام آباد ( محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے مائنس عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا عندیہ دئیے جانے پر ملکی سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے گوجرانوالہ اور کوئٹہ کے جلسوں میں جس’’ بیانیہ‘‘ کا اعلان کیا ہے مریم نواز کے ایک غیرملکی ٹیلی ویژن کو دئیے گئے انٹرویو میں اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے دروازے بند نہ کرنا میاں نواز شریف کے سخت موقف میں نرمی تصور کیا جا ررہاہے ان کا انٹرویو جہاں حکومتی حلقوں میں کھلبلی کا باعث بنا ہے وہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بھی مریم نواز کی نئی سوچ زیر بحث ہے اسی طرح پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے بھی مریم نواز کے اسٹیبلشمنٹ سے مشروط طور پر مذاکرات کا نوٹس لیا ہے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 16نومبر سربراہی اجلاس 17نومبر2020ء کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں مریم نواز کے فوج کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے دئیے گئے بیان پر غور کیا جائے گا پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا