• news

کشمور زیادتی کا زیر حراست ملزم ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک 

لاہور/ کشمور (نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) کشمور زیادتی واقعہ میں گرفتار ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔  ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب کے مطابق گرفتار ملزم رفیق کو نشاندہی کیلئے پولیس پارٹی بخشا پور لے گئی تھی ، زیادتی واقعہ میں ملوث دوسرے ملزم خیر اللہ بگٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔  دوسرے ملزم کی فائرنگ سے گرفتار ملزم رفیق زخمی ہو گیا تھا ملزم رفیق ہسپتال منتقلی کے دوران ہلاک ہو گیا ۔دوسری جانب  واقعہ کے حوالے سے اے ایس آئی محمد بخش برڈو نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ میں نے اپنی بیوی اور بیٹی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا ملزمان نے بچی کی والدہ سے دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کا کہا تھا میری بیٹی کو بھی خود کو افسر ظاہر کرکے ملازمت کی پیشکش کی جو کشمور میں مقررہ ہوٹل پر پہنچی تو ملزم نے سٹی پارک آنے کا کہا اسی دوران پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔دریں اثناء  سندھ حکومت نے کشمور زیادتی واقعے کے ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار کے لیے اعلیٰ پولیس ایوارڈ کی سفارش کرنے اور ان کی بیٹی کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کشمور میں تعینات پولیس اہلکار محمد بخش ابڑو اور ان کی بیٹی نے جس بہادری سے ملزمان کو پکڑا اس پر ہم سب کو فخر ہے۔اہلکار کو پولیس کا اعلیٰ ترین ایوارڈ قائداعظم پولیس میڈل دلوانے کے لیے وفاقی حکومت سے سفارش کریں گے،  محمد بخش ابڑو کی بیٹی اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں تو اس کے تمام اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی جب کہ انہیں فوری طور پر 10 لاکھ روپے کیش ایوارڈ بھی دیں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کا علاج دنیا میں کہیں بھی کرانا پڑے اس کے اخراجات بھی سندھ حکومت برداشت کرے گی جب کہ بچی کے تعلیمی اخراجات بھی سندھ حکومت اپنے ذمہ لے رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن