• news

لیجنڈ گلوکار عالمگیر کے گردے کا کامیاب ٹرانسپلانٹ‘ 15 برس سے مرض میں مبتلا تھے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نصف صدی قبل پاکستان میں پاپ موسیقی میں دھوم مچانے والے لیجنڈ گلوکار 65 سالہ عالمگیر کا کئی سال بعد بالآخر گردے کا ٹرانسپلانٹ ہوگیا۔ درجنوں مقبول گیت گانے والے عالمگیر گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ عالمگیر میں 2004 میں گردوں کی بیماری کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کے گردے تقریباً ناکارہ بن چکے تھے اور وہ کئی سال سے ڈائلاسز کے سہارے چل رہے تھے۔ ڈاکٹرز نے انہیں ایک دہائی قبل ہی گردوں کے ٹرانسپلانٹ کا مشورہ دیا تھا مگر انہیں ان کے گروپ کے گردے نہیں مل رہے تھے۔ عالمگیر کو مالی مشکلات کا سامنا بھی تھا اور مداحوں کی جانب سے ان کے لیے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائے جانے کے بعد وقتاً بوقتاً حکومت پاکستان نے ان کی مالی مدد بھی کی۔ عالمگیر نے اپنی فیس بک پوسٹ میں گردے کے ٹرانسپلانٹ کے بعد اہل خانہ کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے مختصر پوسٹ میں بتایا کہ ان کے گردے کا ٹرانسپلانٹ کامیابی سے ہوگیا۔ عالمگیر بیماری کے باعث ڈیڑھ دہائی قبل ہی امریکی ریاست جارجیا کے شہر ایٹلانٹا میں موجود اپنے اہل خانہ کے پاس چلے گئے تھے اور ان کے ڈائلاسز سمیت دیگر علاج وہیں پر ہو رہا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن