خواجہ سرا چاہت اور ساتھیوں کو امن کیلئے کوہاٹ بدر کیا‘ ضیاء اللہ بنگش: یہ حق کس نے دیا‘ صدر ٹرانس جینڈر فرزانہ الیاس
پشاور (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے کے مشیر برائے سائنس و آئی ٹی ضیاء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں 2 گروپوں میں فائرنگ اور 5 افراد خواجہ سرا چاہت کی وجہ سے قتل ہوئے۔ کوہاٹ میں خواجہ سرا چاہت کی ضلع بدری کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ضیاء اللہ بنگش کا کہنا تھا کہ خواجہ سرا چاہت اور اس کے ساتھیوں کو کوہاٹ سے نکالنے کا فیصلہ کیا تاکہ امن مزید خراب نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا فائرنگ واقعے کی ضلعی انتظامیہ اور ڈی پی او سے تحقیقات کرائی گئیں، تحقیقات کے مطابق چاہت کی موجودگی جہاں ہوتی تھی وہیں ناخوشگوار واقعہ ہو جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کرنے والے دونوں فریقین روپوش ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرحمان کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات کے لیے ضلعی انتظامیہ کمیٹی تشکیل دے گی۔ ڈی سی کوہاٹ عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ خواجہ سراؤں کی وجہ سے واقعات ثابت ہوئے تو پھر ان پر پابندی لگائیں گے۔ دوسری جانب صدر ٹرانس جینڈر الائنس پاکستان فرزانہ الیاس کا کہنا ہے کہ ضیاء اللہ بنگش، ڈی سی اور ڈی پی او کو خواجہ سرا چاہت کو ضلع بدر کرنے کا حق کس نے دیا ہے۔ فرزانہ الیاس نے کہا کہ چاہت کو نہ بلایا گیا تو ضیاء اللہ اور ڈی پی او کے خلاف کیس کریں گے۔