پی ایس ایل : کنگز سلطانز کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئے ‘قلندرز نے زلمی کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا
لاہور+کراچی ( نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ فائیو کے پہلے کوالیفائر میچ میں کراچی کنگزٹیم ملتان سلطانزکوسپر اوور میں شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ‘فائنل میں جانے کیلئے آج مقابلہ ملتان سلطانز سے ہو گا۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈن کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی ٹیم 7 وکٹوں پر 141 رنز ہی بناسکی۔ روی بوپارہ 40 ‘ ذیشان اشرف 21 اور خوشدل شاہ نے 17 ‘ شاہد آفریدی 12 اور ایڈم لائیتھ 9 رنز بناسکے۔ سہیل تنویر نے 25 رنز بنا کر ٹیم کو 141 کے ہندسے تک پہنچایا۔ وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔ کراچی کنگز کی ٹیم بھی 8وکٹوں پر 141رنز بناسکی‘بابرا عظم65رنز بناکر نمایاں رہے ‘کپتان عماد وسیم نے 27ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ کراچی کنگز کو آخری گیند پر میچ جیتنے کیلئے پانچ رنز جبکہ برابری کیلئے چار رنز درکا رتھے ‘عماد وسیم نے محمد الیاس کو چوکا لگا کر میچ سپر اوورمیں داخل کر ایا۔ کنگز نے سپر اوور میں 13رنز بنائے جبکہ سہیل تنویر نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ ملتان سلطانز کو سپر اوور میں 14رنز کا ہدف ملا ‘کنگز کی جانب سے محمد عامر نے اوور کرایا ۔سلطانز کی جانب سے ریلی روسو اور روی بوپارہ میدان میں اترے لیکن ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور صرف 9بناسکے ۔ ایلیمی نیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا ‘قلندرز فائنل کی دوڑ کیلئے آج سلطانز کا مقابلہ کرینگے ۔ پشاور زلمی نے 8وکٹوں پر 170رنز بنائے ۔ شعیب ملک 39‘فاف ڈوپلیسی31اور ولجوئن 37رنز بناکر نمایاں رہے ۔ دلبر حسین نے تین ‘شاہین آفریدی ‘حارث رئوف ‘ڈیوڈ وائز نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ لاہور قلندرز نے ہدف محمد حفیظ کے ناقابل شکست74رنز کی بدولت پانچ وکٹوںپرپورا کرلیا ۔ثاقب محمود نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔