گلگت بلتستان میں آج انتخابات، تیاریاں مکمل، 7 لاکھ سے زائد ووٹرزحق رائے دہی استعمال کرینگے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ آن لائن) گلگت بلتستان کی چوبیس میں سے تئیس نشستوں پر انتخاب آج 15 نومبر بروز اتوار کو ہوگا۔ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی میں نشستوں کی کل تعداد 33 ہے جبکہ 24 حلقوں میں براہ راست انتخابات ہوتے ہیں جن میں سے آج 23 نشستوں پر انتخابات ہوں گے، اور ہر حلقے سے ایک رکن کا انتخاب کیا جائے گا۔ قانون ساز اسمبلی میں کل نشستوں کی تعداد 33 ہے جس میں 3 ٹیکنوکریٹس، جبکہ 6 خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ گلگت بلتستان میں 24 انتخابی حلقوں میں رجسٹر ووٹرز کی کل تعداد 7 لاکھ 45 ہزار361 ہیں، جس میں 3 لاکھ 39 ہزار 992 خواتین ووٹرز بھی شامل ہیں۔ انتخابات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آخری ضلع کھرمنگ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔ جہاں ڈپٹی کمشنر براہ راست انتخابی عمل کی تیاری کا جائزہ لے رہے ہیں۔7 لاکھ 45 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے سوا لاکھ سے زائد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ جس میں 3 لاکھ 39 ہزار 992 خواتین ووٹرز بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی کے امیدوار جسٹس ریٹائرڈ سید جعفر شاہ کے انتقال کے بعد گلگت کے حلقہ جی بی اے 3 میں انتخاب نہیں ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک مقررکیا ہے۔ پولنگ کے سامان کی ترسیل کردی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ مجھے یقین ہے گلگت بلتستان کے عوام ووٹ کو عزت دلوائیں گے۔ آج 15نومبر کو صرف ووٹ ہی نہیں دینا، بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے، تاکہ کوئی آپ کے روشن مستقبل کو چوری کرنے کی ہمت نہ کرے۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے میرے بہن بھائیو! میرا گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ لازوال محبت کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسال قبل پاکستان کے عام انتخابات میں جمہوریت کا راستہ روک کر ایک ایسا تماشا لگایا گیا، جس میں اچھے بھلے چلتے پاکستان کو پٹری سے اتا رکر بدحالی کے اندھیروں میں جھونک دیا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ترقی مسلم لیگ ن کے دور میں ہوئی ہے، کل 15نومبر کو گھروں سے نکل کر صرف ووٹ ہی نہیں دینا، بلکہ اپنے ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے۔ دریں اثناء دریں اثناء تحریک نفاذ فقہ جعفریہ (ٹی این ایف جے) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور ٹی این ایف جے پولیٹیکل سیل کے چیئرمین ذوالفقار علی راجہ نے مشترکہ بیان میں یہ اعلان کیا ،، چیئرمین پولیٹیکل سیل ٹی این ایف ج ذولفقار علی راجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی پالیسی و منشور کے قریب سمجھتے ہوئے حمایت کر رہے ہیں۔