• news

سموگ: سانس لینا دشوار‘ فیصل آباد میں 7 بھٹے سیل 

فیصل آباد/ کمالیہ/ تاندلیانوالہ/ جکڑ/ الہ آباد / ٹھینگ موڑ (آن لائن+ نامہ نگاران+ نمائندگان) کئی علاقوں میں سموگ نے ڈیرے ڈال لئے فضائی آلودگی کے باعث آنکھوں‘ ناک اور گلے کے امراض بڑھ گئے لوگوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا رہا‘ دوسری طرف فیصل آباد میں آلودگی کا سبب بننے والے سات اینٹوں کے بھٹوں کو سرمبہر کر دیا گیا ۔ کمالیہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمالیہ شہراور گردونواح میں ہلکی سموگ دن بھر موسم ابر آلود رہا جبکہ ہلکی سردی بھی ہو گئی ہے سموگ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی جھکڑ سے نامہ نگار کے مطابق اکثر علاقوں میں سینٹری ورکرز کوڑا نہیں اٹھاتے آگ لگا کر تلف کر رہے ہیں جو فضائی آلودگی کیساتھ سانس  کی بیماریوں کا موجب بن رہا ہے۔ تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح کے مختلف علاقوں میں سموگ چھائی رہی شہریوں کا کہنا ہے کہ آنکھوں سے جھلن سانس لینے میں بھی دشواری ہے سموگ کی وجہ سے کاروبار بھی متاثر ہوئے ۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق محکمہ تحفظ ماحولیات نے سموگ میں اضافہ ہونے پر کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے مزید سات بھٹہ خشت کو سیل کر دیا سموگ فضائی آلودگی میں اضافہ کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ  کے حکم پر 197 رب کے نواح میں چلنے والے 7 بھٹوں کو سربمہر کرتے ہوئے مالکان کیخلاف متعلقہ تھانوں میں اندراج مقدمہ کیلئے استغاثہ دائر کر دیا گیا ہے۔الہ آباد/ ٹھینگ موڑ سے نمائدہ نوائے وقت کے مطابق الہ آباد‘ تلونڈی و گردونواح میں سموگ کے باعث چھاتی اور آنکھوں کے امراض بڑھنے کا خدشہ ہے سی ای او ہیلتھ قصور ڈاکٹر اقبال جاوید کا کہنا ہے کہ ماسک اور چشمے  کے استعمال کو یقینی بنائیں بچوں کو بلاوجہ گھر سے باہر نہ نکلنے دیں۔

ای پیپر-دی نیشن