کشمیر واقعہ بھارتی مظالم کی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہے: فضل الرحمان
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے بھارتی فوج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری نے بھارتی مظالم کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کردیا ہے۔ جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔کئی دیہاتوں میں گولے لگنے سے پانچ کشمیری شہید اور دو درجن سے زیادہ بے گناہ شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں عورتیں، بچے بھی شامل ہیں یہ کھلی درندگی ہے جو قابل مذمت اور قابل نفرت ہے۔ 72 سال سے نہتے کشمیریوں پر جو بیت رہی ہے کل کے واقعہ نے ایک بار پھر ہندوستان کی جمہوریت کا سفاک چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ جے یوآئی شدید الفاظ میں اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ کشمیری بھائیوں کا آزادی کی طرف سفر جاری رہے گا اور منزل سے ہمکنار ہوگا۔