• news

ایتھوپیا :جنگی حالات کے باعث ہزاروں افرادسوڈان میں پناہ لینے پر مجبور

ادیس ابابا(این این آئی )ایتھوپیا کے دور دراز کے شمالی علاقے تیغرانیا میں جنگی حالات پیدا ہوچکے ہیں۔ اس علاقے کے شہری ہمسایہ ملک سوڈان میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افریقی ملک ایتھوپیا کی فوج شمالی علاقے تیغرانیا(انگلش میں سرکاری نام ٹیگرانیا یا ٹیگرے)میں ممکنہ علیحدگی پسندی کی تحریک کے خاتمے کی فوجی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس فوجی ایکشن میں ملکی فوج کو جنگی طیاروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ بمباری اور شیلنگ سے بچنے کے لیے ٹیگرے کے ہزاروں شہری ہمسایہ ملک سوڈان میں مسلسل داخل ہو رہے ہیں۔ عالمی امدادی اداروں کا کہنا تھا کہ اس بحران سے دو لاکھ سے زائد افراد کو مہاجرت و بے گھری کا سامنا ہو سکتا ہے۔مہاجرت اختیار کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے کے مختلف شہروں اور قصبوں میں جنگ کی حالت پیدا ہے۔ ملکی حکومت کی فوج گلیوں اور بڑی سڑکوں پر باغیوں کے ساتھ ساتھ عام لوگوں پر بھی فائرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی بھرپور مدد جنگی طیاروں سے بم پھینک کر کی جا رہی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فوجی اہلکار بڑی جسامت کی چھریاں (ماشیٹے)بھی لوگوں کو مارنے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ بمباری سے عمارتیں اور مکانات تباہی سے دوچار ہو رہے ہیں۔ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابھی احمد کا کہناتھا کہ حکومتی جنگی طیارے صرف باغیوں اور ان کے حامیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن