• news

جو بائیڈن دھاندلی سے جیتے، ٹرمپ حامیوں کا ملین میگا مارچ کیلئے واشنگٹن میں اجتماع

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ/ این این آئی) امریکی صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی جیت کا بالواسطہ اعتراف کرنے کے بعد اپنی جیت کا دعویٰ بھی کر دیا۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ جوبائیڈن صدارتی الیکشن میں دھاندلی کی وجہ سے جیتے۔ الیکشن مبصرین کو ووٹنگ کا عمل دیکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ووٹنگ کی گنتی بائیں بازو کی ایک نجی کمپنی کے ذریعے کرائی گئی ہے۔ ووٹنگ کی گنتی کرنے والی کمپنی ناقص اور خراب شہرت رکھتی تھی۔ صدر ٹرمپ نے جوبائیڈن کی جیت کے بالواسطہ اعتراف کے فوراً بعد اپنی جیت کا دعویٰ کر دیا اور کہا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی لیکن ہم جیتیں گے۔ جوبائیڈن صرف جعلی میڈیا کی نظروں میں جیتے ہیں۔ میں نے کوئی ہار نہیں مانی ابھی بہت وقت باقی ہے یہ الیکشن دھاندلی زدہ تھا۔ ادھر صدارتی انتخاب کے نتائج میں مبینہ دھاندلی کے خلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی ملین میگا مارچ کیلئے واشنگٹن ڈی سی میں جمع ہونا شروع ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دوپہر ہوتے ہی واشنگٹن کے فریڈم پلازہ پر ٹرمپ کے حامیوں نے جمع ہونا شروع کیا۔ مارچ کے شرکاء نے فور مور ایئرز‘  سٹاپ دا سٹیل‘ ٹرمپ 2020ء کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ صدر ٹرمپ نے وائٹ ہائوس سے گالف کورس جاتے ہوئے اپنے حامیوں کو  دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔

ای پیپر-دی نیشن