کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، حریت رہنمائوں کا اظہار تشویش
سرینگر (این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے آزادکشمیر میں کنٹرول لائن پر بھارتی فوجیوں کی بلا اشتعال گولہ باری سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور عوامی املاک کی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل فرنٹ کے ترجمان شفیق الرحمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قاتل بھارتی فورسز کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بے گناہ کشمیریوں کا لہو بہارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل اور ان کی املاک کو تباہ کرنا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اس خطرناک حد تک پہنچ چکے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی مداخلت ناگزیر ہوچکی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت انتہائی قابل مذمت ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہارکیا کہ بھارتی گولہ باری سے نیلم اور لیپا میں بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہوا ہے ۔ کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر گولہ باری کھلی دہشت گردی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیرکوکشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے اپناکردار ادا کریں۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کنٹرول لائن پرانسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کی قیادت پر زور دیاہے کہ وہ مذاکرات کا آغاز کریں اور جنگ بندی معاہدے کو بحال کریں۔محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہاکہ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کو دیکھ کر افسوس ہوا۔