انتخابات شفاف، بعض پارٹیوں کے سربراہ شکوک پیدا کرنا چاہتے ہیں: چیف الیکشن کمشنر
گلگت (نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پورے گلگت بلتستان میں مثالی الیکشن ہوا۔ انتخابات صاف شفاف اور غیرجانبدارانہ ہوئے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے مرضی سے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ بعض پارٹیوں کے سربراہان شکوک و شبہات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اپیل ہے کہ بیانات کی بجائے الیکشن کمشن سے رجوع کریں۔ غیرذمہ دارانہ اور غیرضروری بیانات سے گریز کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شفاف الیکشن سے عوام بہت خوش ہیں۔ کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری بھی ہوئی۔ انتخابی نتائج آنے میں وقت لگے گا۔ نتائج پولنگ ایجنٹوں کے سامنے بنائے جا رہے ہیں جس فارم پر رزلٹ بنتا ہے اس پر تمام پولنگ ایجنٹوں کے دستخط ہوتے ہیں۔ کسی پولنگ سٹیشن پر پولیس کی نفری کم نہیں تھی۔ ووٹرز ہمارے اندازوں سے بھی زیادہ تعداد میں آئے۔ کئی دنوں سے کہہ رہا ہوں اگر کہیں دھاندلی ہوئی ہے تو مجھے بتائیں۔ امریکہ جیسے ملک کا ٹرمپ بھی کہہ رہا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام عید کی طرح خوش تھے۔