• news

سابق ایم این اے غفار ڈوگر گرفتار، حکومت جتنے مرضی اوچھے ہتھکنڈے اپنائے گھر جانا پڑے گا: مریم

اسلام آباد+ملتان (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی ملک عبدالغفار ڈوگر کو محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کرلیا۔ ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) بلال بٹ نے بتایا کہ سابق ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کو چوک کمہاراں پر واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کیخلاف (ن) لیگ کے کارکنوں نے اینٹی کرپشن دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ حکومت جتنے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر لے کارکنوں کے جذبے پست نہیں کرسکتی۔ عبدالغفار ڈوگر کا جرم یہ ہے کہ وہ نوازشریف کے بیانیے کا علم بلند کئے ہوئے ہیں۔ حکومت کو اتنا خوف ہے کہ ہر جلسے سے پہلے رہنمائوں پر کریک ڈائون شروع ہوجاتا ہے لیکن حکومت کو گھر تو جانا ہی پڑے گا۔ ملتان کا جلسہ مقررہ وقت پر ہی ہوگا۔ جب نوازشریف کی طرح منتخب وزیراعظم ہو تو 126 دن کا دھرنا بھی ناکام ہوتا ہے محض جلسوں سے سلیکٹڈ کانپنے لگتے ہیں۔ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے غفار ڈوگر کی گرفتاری کی مذمت کرتے کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اقدام ملتان جلسہ سبوتاژ کرنے کا بہانہ ہے۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے آلہ کار نہ بنیں۔

ای پیپر-دی نیشن