• news

لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، موسم سرد، پہاڑوں پر برفباری جاری، راستے بند

لاہور،اسلام آباد،شیخوپورہ ،کامونکے،ننکانہ صاحب (نیوز رپورٹر + صباح نیوز+نمائندہ خصوصی +نامہ نگاران) اسلام آباد‘ راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ لاہور‘ پشاور‘ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش ہوئی۔ پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ فیصل آباد شہر اور گردونواح میں ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ لاہور‘ گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بادل برسے۔ ہرے‘ کالے اور سرمائی بادلوں نے دن میں رات کا سماں باندھ دیا۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔ ملکہ کوہسار مری میں برفباری ہوئی۔ چترال میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند اور سردی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ چترال میں تقریباً 3 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ استور میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔ کشمور اور تنگوانی سمیت سندھ میں بھی کہیں کہیں بارش ہوئی۔ کاغان‘ گلیات اور وادی سوات کے بالائی علاقوں میں گزشتہ روز برفباری کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں کئی فٹ برف پڑ چکی ہے۔ شاہراہ کاغان پر شدید برفباری کے باعث بڑی تعداد میں سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں۔ راستے بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرکاری مشینری کی مدد سے راستے کھولنے کا کام جاری ہے۔ کالام اور گیرال میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات خیبر پی کے نے رات میں سفر کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسلام آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ ،سیالکوٹ اور لاہور میں (آج) پیر کے روز  تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی بارش کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ دیر میں دو روز کے دوران ریکارڈ 4 فٹ برف پڑ چکی ہے۔ مہوڈنڈ میں3  فٹ جبکہ کالام، مالم جبہ اور ملحقہ علاقوں میں اب تک 2 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری سے خشک سرد موسم کا خاتمہ ہوگیا۔ داتا کی نگری لاہور میں اتوار کو دن میں گہرے بادلوں کی وجہ سے رات کا سماں ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا دیر بالا 86 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ کم سے کم درجہ حرارت کالام منفی3، مالم جبہ منفی2، دیر اور لہہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق بارش نے گیپکو کی ناقص کارکردگی کا پول کھول دیا، بجلی کی بار بار بندش پر عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ معمولی بارش سے بجلی سارا دن بار بار بند ہوتی رہی۔  عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بارش کیساتھ ہی سردی میں اضافہ ہو گیا۔ لوگوں نے گرم کپڑے‘ کمبل‘ رضائیاں وغیرہ نکال لیں جبکہ کھانے پینے کے شوقین افراد نے ڈرائی فروٹ اور مچھلی کی دکانوں کا رخ کر لیا۔ ان اشیاء کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں  بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ کے باعث خشک میوہ جات اورمچھلی کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ اتوار کے روز ننکانہ صاحب اور گردونواح میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔لاہور سے آن لائن کے مطابق بارش کے ساتھ ہی لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔ لیسکو کے کئی فیڈر ٹرپ کرنے سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ای پیپر-دی نیشن