• news

ایٹمی جنگ خودکشی، دنیا دہشتگردی کو ہوا دینے کے بھارتی پلان کا نوٹس لے: شاہ محمود

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں عدم استحکام ہو اور معاشی خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی جائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے ملتان میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات کو ناکام بنانے کے لیے ہم سب کو متحد نا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کروا رہا ہے ، بھارت سی پیک کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے لیکن ہم نے بھارت  کے عزائم کو سمجھنا بھی ہے  اور انہیں ناکام بھی بنانا ہے۔ انہوں نے کا کہ بھارت گلگت بلتستان میں بھی حالات خراب کرنا چاہتا ہے ، وزیر اعظم عمران خان نے فی الفور پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے لیے ٹوئٹ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایٹمی جنگ خودکشی ہے ، لیکن ہندوستان پاکستان کی صلاحیتوں کو جانتا ہے ، پوری دنیا ہماری صلاحیتیں جانتی ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک ملک دہشت گردی کو ہوا دیتا ہے ، سٹیٹ خودایکٹ کر رہی ہے ، دونوں ایٹمی قوتیں ہیں، دنیا کو ہندوستان کے اس پلان کا نوٹس لینا چاہئے۔ شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی قیادت کبھی جوش خطابت میں اپنے ہی اداروں کو روند ڈالتی ہے اور کبھی آئین سے مبرا ہو کر ریاست سے توقع کرتے ہیں کہ ان کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کنفیوژن کا شکار ہے ، قومی اداروں پر حملہ ملک کے مفادمیں نہیں ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن