پی ایس ایل: قلندرز پہلی ب ار فائنل میں پہنچ گئے‘ سلطانز کو شکست
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر پہلی بار لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی۔ لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 183 رنز کا ہدف دیا تاہم ملتان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 157 رنز بناسکی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے تمیم اقبال اور فخر زمان نے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا۔ 46 کے مجموعی سکور پر تمیم اقبال آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ویزے اور فخر زمان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقرہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ویزے 48 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ فخر زمان 46 اور تمیم اقبال 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 2 جبکہ ایڈم لتھ، سہیل تنویر، محمد الیاس اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ لاہور قلندر کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی اننگز کا آغاز جارحانہ رہا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے تاہم ذیشان اشرف 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ ایڈم لیتھ اور شان مسعود نے قلندرز کی بائولنگ کے سامنے مزاحمت کی تاہم ایڈم 50 اور شان مسعود 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ روی بوپارا بھی ایک رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ روسو بھی 18 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی بھی پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے جس پر حارث رؤف نے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگنے کا اشارہ کیا۔ ڈیوڈ ویزے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ایونٹ کا فائنل کل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 8بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے سال 2020 میں 50 ٹی ٹوئنٹی وکٹیں حاصل کر لیں۔ حارث رؤف نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمنیٹر میں ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی کو بولڈ کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔ افغانستان کے راشد خان اس سال 48 وکٹوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہیں۔ حارث رئوف کیلنڈر سال میں 50 وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر ہیں۔ وہاب ریاض نے گزشتہ سال 60 وکٹیں لی تھیں۔ جبکہ 2012 میں سہیل تنویر نے 55 اور یاسر عرفات نے 52 وکٹیں لی تھیں۔