ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ، ایک ہفتہ میں 31 ملزم گرفتار
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے جوان بہترین کوآرڈینیشن کے ذریعے ڈکیتوں و چوروں کے گرد گھیرا تنگ کریں۔ جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں میں تیزی لائیں۔ اشفاق خان نے کہا کہ ون ویلنگ، پتنگ بازی میں ملوث افراد کے خلاف بھرپورکارروائیاں عمل میں لائیں۔کورونا وباء کے ممکنہ خدشات سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔ایس پی راشد ہدایت نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث31 ملزمان کو گرفتار کر کے اْن کے قبضہ سے1کار،9موٹرسائیکلیں،3 موبائل فونز اورہزاروں روپے نقدی برآمد کیں۔دوران پٹرولنگ ہیلپ لائن15پر موصول کالزپر فوری ریسپانس عمل میں لائے۔ناجائزاسلحہ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے18پسٹلز،7 رائفلز، 4 میگزین اور 249گو لیاں برآمد کی گئیں۔ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران4کلو گرام سے زائد چرس و ہیروئن، 4 عدد حقہ شیشہ اور17بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیتے ہوئے114افراد کی مدد کی گئی۔دوران پٹرولنگ1لاکھ48ہزارسے زائد موٹر سائیکلوں، 3256 گاڑیوں اور1 لاکھ48 ہزار571 اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی گئی جبکہ71موٹر سائیکلوں،4 گاڑیوں اور 205 اشخاص کوکوائف نامکمل ہونے پر حراست میں لیا گیا۔