• news

باغبانپورہ: 7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، درندہ صفت پروسی گرفتار

 لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ کے علاقے سے ہفتے کے روز اغواء ہونے والی7سالہ بچی نبیلہ کی نعش گذشتہ روز لاش مل گئی ہے۔ جسے ہمسائے نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد پکڑے جانے کے خوف سے قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ 7سالہ بچی نبیلہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی جس کی گذشتہ روز گھر کے قریب سے نعش مل گئی ہے۔ بچی کو اس کے ہمسائے 25 سالہ ندیم نے اغواء کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بچی کی مزاحمت اور پکڑے جانے کے خوف سے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش بچی کے گھر کے قریب پھینک دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی اور شک کی بنیاد پر بچی کے ہمسائے 25سالہ ندیم کوحراست میں لے کر پوچھ گچھ کی۔ ملزم نے بچی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کے گھر سے خون کے نشانات، بچی کے جوتے و دیگر شواہد بھی ملے ہیں۔ شواہد کی روشنی میں ملزم کی گرفتاری اور مزید تحقیق عمل میں لائی گئی جبکہ فرانزک ٹیمیوں نے ملزم کے گھر اور بچی کے خون کے نمونے اور دیگر شواہد اکٹھے کر لئے ہیں۔ مزید حقائق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔ وزیراعلیٰ اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کا نوٹس لیا اورسی سی پی او لاہور  سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور حقائق جلد از جلد سامنے لا کر ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔ دریں اثناء ایس پی کینٹ صاعد عزیز نے مقتولہ بچی کے والدین سے ملاقات کی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ لواحقین کے مطابق نبیلہ مومن پورہ میں گھر کے قریب دکان سے سرسوں کا تیل لینے  نکلی تھی۔ ملزم ندیم بھی ورثاء کے ساتھ مل کر اس کی تلاش کرتا رہا۔ گھر کے قریب خالی پلاٹ پر کوڑے کے ڈھیر سے بچی کی لاش ملی۔ بچی کے والد غفران کے مطابق نبیلہ چار بہنوں میں دوسرے نمبر پر تھی۔ وہ محنت مزدوری کر کے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔ نبیلہ کی والدہ یاسمین قوت گویائی سے محروم ہے۔ بچی کی والدہ یاسمین نے اشاروں سے بتایا کہ ملزم کو ایسی دردناک موت دی جائے جیسے میری بچی کو دی گئی۔ بچی کی ممانی طیبہ نے بتایا ملزم ندیم کی دو سال قبل شادی ہوئی، ایک بچے کا باپ ہے۔ واقعہ کے وقت ملزم ندیم کی بیوی اور بچہ گھر پر موجود نہ تھے۔ پولیس نے گھر کی تلاشی لی تو ندیم کے گھر سے بچی کی جوتی اور تیل کی بوتل برآمد ہو گئی۔ رشتہ دار خواتین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس ملزم کو ہمارے حوالے کرے، ندیم کو سرعام گولی ماریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن