• news

 مقبوضہ کے ساتھ آزادکشمیر کے  نہتے لوگ بھی بھارتی جارحیت سے محفوظ نہیں: کشمیر کونسل یورپ

برسلز(این این آئی) کشمیرکونسل یورپ کے چیئرمین علی رضاسید نے آزاد جموںوکشمیر میں کنٹرول لائن کے نزدیک وادی نیلم اور وادی لیپاسمیت متعدد علاقوں میں شہری آبادی پر بھارتی فورسز کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے قریب آزادکشمیرکی شہری آبادی کو نشانہ بناناانتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے بھارتی فوج کی جارحیت سے متعدد شہریوں کے شہیداور زخمی ہونے اور ان کی املاک تباہ ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے ساتھ ساتھ آزاد کشمیرکے نہتے لوگ بھی بھارتی جارحیت اورریاستی دہشت گردی سے محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت دنیاکی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پرجاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹاناچاہتاہے اور اسی لئے کافی عرصے سے کنٹرول لائن پرمسلسل اشتعال انگیزی کررہاہے۔

ای پیپر-دی نیشن