قبضہ گروپوں کیخلاف آپریشن، منشا بم کے 4 بیٹے گرفتار، خود فرار، جدید ہتھیار برآمد
لاہور (نمائندہ خصوصی) سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ کے ویژن کے مطابق قبضہ گروپوں کو نکیل ڈالنے کیلئے لاہور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ گذشتہ روز دہشت کی علامت سمجھے جانے والے قبضہ مافیا منشاء بم کے 04 بیٹوں کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ منشاء بم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس پی صدر آپریشن لاہور ڈاکٹر محمد حفیظ الرحمن بگٹی کے مطابق عامر منشائ، عاصم منشائ، طارق منشاء اور فیصل منشا کو گرفتار کرلیا گیا۔ چاروں ملزمان کو حوالات میں بند کرتے ہوئے مقدمات درج کر لئے گئے۔ ملزموں کے قبضہ سے جدید اسلحہ، آٹو میٹک گنز اور پسٹلز بھی برآمد کر لئے گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منشاء بم قبضہ مافیا پر قبضے، بھتہ، قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی سمیت سنگین جرائم کے 77 مقدمات درج ہیں۔ منشاء بم قبضہ مافیا کے بیٹوں پر مقدمات درج ہونے کے باوجود ملزم آج تک گرفتار نہ ہوسکے۔ ایس پی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف شہر بھر سے شریف شہریوں کو ڈرانے دھمکانے اور قبضے کرنے کی کوششوں کی شکایات بھی موصول ہو رہی تھیں۔ سی سی پی او لاہور محمد عمر شیخ کی خصوصی ہدایت پر قبضہ گروپوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس حوالے سے محمد عمر شیخ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔