• news

زمینوں پر قبضے:خواجہ آصف، رانا ثناء سمیت37 سیاستدانوں کیخلاف تحقیقات کی منظوری

لاہور، کوٹ سلطان (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پنجاب میں محکمہ اینٹی کرپشن کو بڑے قبضہ گروپوں کے خلاف فعال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 37سیاستدانو ں کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہورمیں ڈی گوہر نفیس کی سربراہی میں اینٹی کرپشن پنجاب کا اجلاس ہوا ، جس میں پنجاب میں محکمہ اینٹی کرپشن کو بڑے قبضہ گروپوں کے خلاف فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قبضوں، مختلف پراجیکٹس کی رقوم خوردبرد میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 37سیاستدانو ں کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی، جس میں رانا ثناء اللہ، رانا مشہود، خواجہ آصف، رانا مبشر کے نام شامل ہیں۔افضل ہنجرا، اجمل ہنجرا، میاں ریاض، عباداللہ، سابق چیئرمین، سابق چیئرمین رانا محمد عظیم، اشرف عباس ڈوگر، ریاض گورائیہ، میاں ذوالفقار، روحیل اصغر، سہیل  شوکت، غزالی سلیم بٹ کے خلاف تحقیقات کی بھی منظوری دی۔ جن کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی ان میں موجودہ ایم این ایز، ایم پی ایز شامل ہیں۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے کئی سال سے اربوں مالیت کی زمین پر قبضے کر رکھے ہیں۔ لیہ کے لیگی رہنما بھی تحقیقاتی اداروں کے ریڈار پر آ گئے۔ سابق ایم این اے اور موجودہ لیگی ایم پی اے کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق سابق ایم این اے ثقلین بخاری اور مہر اعجاز اچلانہ ایم پی اے کے خلاف محکمہ اینٹی کرپشن لیہ میں دوران اقتدار اراضی کی غیر قانونی ایڈجسٹمنٹ کرانے اور فنڈز کا بے جا استعمال کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ  میں ثقلین بخاری ان کے کزن جعفر مزمل بخاری ایم پی اے اعجاز اچلانہ ان کے فرنٹ مین محمد  شفیع سعید احمد اچلانہ اور سعید پٹواری نامزد ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن