پی ایس ایل چیمپئن کا فیصلہ آج، قلندرز اور کنگز آمنے سامنے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا فائنل آج رات 8 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔ اس تاریخی فائنل میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔یہ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہیں۔ کرونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث آٹھ ماہ تک تعطل کا شکار ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ کے کے بقیہ چار میچز کا آغاز 14 نومبر کو کوالیفائر سے ہوا۔ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے مابین کھیلے گئے اس سنسنی خیز کوالیفائر کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا تھا۔اس روز کھیلے جانے والے دوسرے میچ یعنی ایلیمنٹر ون میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دی تھی۔ ایونٹ کا دوسر ایلیمنٹر لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے مابین کھیلا گیا، جہاں لاہور قلندرز کے آلراؤنڈر ڈیوڈ ویزے نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ایونٹ کا فائنل دنیا بھر میں براہ راست نشر کیاجائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ کے کروڑوں مداح اس فائنل کو براہ راست دیکھیں گے۔