• news

مثبت سوچ کیساتھ آگے بڑھے‘جیت کر عوام کو تحفہ دینا چاہتے ہیں:عاطف رانا

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عاطف رانا کہتے ہیں کہ مقصد کے ساتھ محبت، مثبت سوچ، مسلسل محنت اور سمت درست ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ ہم چار سال ہارتے رہے لیکن مقصد سے نہیں ہٹے، اس مشکل سفر میں ہمیں برا بھلا کہا گیا، سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہم پی ایس ایل کی واحد فرنچائز ہیں جس کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے لیکن ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں رہے، محنت کرتے رہے اور آج پی ایس ایل کا فائنل کھیل رہے ہیں۔ ہم نے کھیل کو مقبول بنانے، ملک کے طول و عرض میں نوجوانوں کو ان کے شہروں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اس پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام سے آج حارث رؤف دنیا کے بہترین باؤلر کی حیثیت سے سب کے سامنے ہے، دلبر حسین بھی آسٹریلیا میں کھیل چکے ہیں، سہیل اختر قلندرز کی کپتانی کر رہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی بھی سب کے سامنے ہیں۔ یہ قلندرز انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ قلندرز کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے کہ آج لاہور قلندرز پاکستان کی سب سے مقبول فرنچائز ہے۔ آج فائنل جیت کر پرستاروں کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں۔ چار سال تک نچلے نمبروں پر رہ کر میدان میں جمے رہنے کا ہنر بھی صرف قلندرز کو ہی آتا ہے۔ ہم اپنے پرستاروں کے بہت مشکور ہیں دنیا بھر سے قلندرز کے پرستاروں کی محبت کا قرض ادا نہیں کر سکتے۔ ہمارے ہیڈ کوچ عاقب جاوید پر بہت زیادہ تنقید ہوئی لیکن ان کی نیت ٹھیک تھی، ان کی سوچ اور فکر میں کوئی منفی چیز نہیں تھی انہوں نے ملکی سطح کے ایک نظام کے سامنے قلندرز کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو ایک نیا پلیٹ فارم دیا اور باصلاحیت کرکٹرز نے اس سے فائدہ بھی اٹھایا۔ اس سیزن سہیل اختر کو کپتان بنایا انہوں نے بہترین انداز میں ٹیم کی قیادت کی ہے۔ اس سال ہمارے تمام کھلاڑیوں نے بہت محنت کی اپنی تکلیف کو نظر انداز کرتے ہوئے میچز کھیلے آج ہم فائنل کھیل رہے ہیں اور پہلا ٹائٹل جیتنے کے لیے بھی پرامید ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن