رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 62 فیصد کم ہوگئی: سٹیٹ بنک
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی طور پرغیر ملکی سرمایہ کاری میں 62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بنک کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 42 کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال سے 69 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کم ہے۔ اکتوبر کے دوران ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم صرف 3 کروڑ 66 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال اکتوبر سے 84 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک پاکستان میں غیر ملکیوں کی طرف سے نجی شعبے میں نئی سرمایہ کاری کا حقیقی حجم 58 کروڑ 75 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال سے 10 کروڑ ڈالر کم ہے۔ اس دوران صنعتی شعبے میں براہ راست نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 73 کروڑ 31 لاکھ ڈالر رہا۔ تاہم سٹاک مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ کاری سے 14 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا جبکہ چار ماہ میں حکومتی بانڈز اور ٹی بلز میں بیرونی سرمایہ کاری میں سے بھی 16 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی واپسی ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق 4 ماہ کے دوران پاور سیکٹر میں 35 کروڑ 23 لاکھ ڈالر اور مالیاتی سیکٹر میں 11 کروڑ 85 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری ہوئی چار ماہ میں سب سے زیادہ 33 کروڑ 23 لاکھ ڈالر کی نئی سرمایہ کاری چین سے کی گئی جبکہ اس دوران برطانوی سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ سے 6 کروڑ 97 لاکھ ڈالر اور امریکی سرمایہ کاروں نے 6 کروڑ 24 لاکھ ڈالر نکال لئے ہیں۔