• news

 وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ بانی ایم کیو ایم کولانے کا بھی اعلان کریں، مصطفی کمال 

کراچی(این این آئی)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم سید مصطفی کمال کے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ بانی ایم کیو ایم کولانے کا بھی اعلان کریں، خالد مقبول صدیقی 13سال بعد پاکستان واپس آئے ، خالد مقبول صدیقی نے بھارت جاکر پاکستان کا پاسپورٹ پھاڑاتھا،را ایجنٹ بتا رہے ہیں کہ بھارت ہمیں خالد مقبول صدیقی لے کر گئے،حکومت اور ریاست نے خود ایم کیو ایم اور را کے باقیات کو زندہ رکھا ہوا ہے،نظریہ ضرورت کے تحت ایم کیو ایم پاکستان بنائی گئی،نام، جھنڈا، پتنگ کا نشان بانی ایم کیوایم کا دیا ہوا ہے،ایم کیوایم ابھی تک برقرار ہے اور اپنے مقصد پر کام کر رہی ہے،بانی ایم کیوایم کے بنائے ہوئے پرچم کو آج ایم کیوایم پاکستان نے اٹھایا ہوا ہے۔پی ایس پی کے مرکز پاکستان ہائوس میںپاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی، ارشدوہرا،شبیرقائم خانی سمیت دیگرکے ہمراہ  پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیدمصطفی کمال نے کہا کہ کہا کہ ایم کیو ایم کے را کیساتھ تعلقات سے متعلق ساڑھے 4 سال پہلے قوم کو آگاہ کیا تھا، ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز را کے پیسوں سے بنا ہے۔ آج پہلی بار میڈیاسے درخواست کررہا ہوں کہ میری بات تمام چینلز پوری قوم کو سنائیں۔چند روز قبل وزیر خارجہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کی۔پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر تفصیلی پریس کانفرنس کی گئی اوربتایا گیا کہ کس طرح بھارت اور را پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم کی دہشت گردی کا ذکر آیا۔آج ساڑھے چار سال بعد حکومت اور ریاست نے میری باتیں دہرائی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن