چینی سفیر کی ملاقات‘ دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات نئے عہد میں داخل ہو گئے: چیئرمین سینٹ
اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات ہونے والے چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے۔ چینی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری اہم دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کرتی ہے،دونوں ملکوں میں پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چین کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔چین کے سفیر نونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے نقطہ نظر کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔دونوں ملکوں کا ترقی و خوشحالی کا وژن مشترکہ ہے اور سی پیک کے منصوبے سے یہ خطہ بین الاقوامی تجارت کا مرکز ثابت ہو گا۔