• news

سعودی عرب میں خواتین کا پہلا گالف ٹورنامنٹ ڈینش کھلاڑی نے جیت لیا

ریاض (سپورٹس ڈیسک) اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں پہلی بار ہونے والے خواتین کے گالف ٹورنامنٹ کو یورپی ملک ڈنمارک کی 24 سالہ گالفر ایملی کرسٹائن پڈرسن نے جیت کر نئی تاریخ رقم کردی۔ ساحلی شہر جدہ رائل گرین گالف اینڈ کنٹری کلب میں سعودی لیڈیز انٹرنیشنل کی جانب سے منعقد کیا جانے والا پہلا ویمن گالف ٹورنامنٹ 12 نومبر کو شروع ہوا تھا جو 15 نومبر تک جاری رہا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ سعودی عرب نے خواتین کے کسی بھی سپورٹس فیسٹیول کی میزبانی کی تھی۔ جدہ میں تین روز تک مقابلے جاری رہے۔ گالف ٹورنامنٹ جیتنے والی یورپی کھلاڑی کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کی رقم بھی دی گئی۔ اسی طرح ٹورنامنٹ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی خواتین کھلاڑیوں کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔ کھلاڑیوں کو مختصر لباس پہننے کی اجازت نہیں تھی اور تمام خواتین کھلاڑیوں نے مکمل پینٹ کے ساتھ ٹی شرٹ پہنی۔ اسی طرح شائقین پر بھی مختصر لباس پہننے کی پابندی تھی، البتہ کسی بھی خاتون کو حجاب یا برقع پہننے یا نہ پہننے کا حق حاصل تھا اور زیادہ تر خواتین حجاب کے بغیر ہی ٹورنامنٹ میں شریک ہوئیں۔ سعودی عرب میں اسی مقام پر دو دن بعد خواتین کے دوسری گالف ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں جیتنے والی خواتین کو پہلے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں دگنی رقم دی جائے گی اور مجموعی طور پر دوسرے ٹورنامنٹ میں 10 لاکھ ڈالر کی رقم تقسیم کیے جانے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں خواتین کی پہلی کامیاب گالف ٹورنامنٹ پر دنیا بھر میں اسلامی ملک کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن