• news

ناران‘ کاغان میں شدید برفباری‘ سیاح پریشان‘ مری نے بھی سفید چادر اوڑھ لی 

سوات/ مری/ گوجرانوالہ (نوائے وقت رپورٹ‘ بی بی سی‘ نمائندہ خصوصی) ناران اور کاغان میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مری میں پہلی برفباری کا آغاز ہو گیا ہے اور ملکہ کوہسار نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ گلگت کو ملانے والی بابو سرٹاپ کی روڈ پہلے ہی سیاحوں کیلئے بند ہے ناران اور کاغان میں ہوٹل اور ریستوران وغیرہ بند ہیں۔ مری میں بھی  سیاحوں کا رش ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے ساتھ سفر کریں۔ بہاولپور کے محمد حسیب ناران اور شمالی علاقہ جات کی سیر کی غرض سے یہاں آئے تو مگر ان کی واپسی کا سفر کافی پرخطر رہا۔ انہوں نے بتایا کہ ناران میں چند دن کے قیام کے بعد جب  خاندان نے واپسی کا سفر شروع کیا تو سکی کناری ڈیم کے نزدیک برفباری اور گلیشئیر گرنے سے وہ سڑک پر ہی پھنس گئے۔ پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کاغان اور ناران میں شدید برفباری کے نتیجے میں پھنس جانے والے سیاحوں کو مقامی انتظامیہ نے کئی گھنٹوں کے محنت کے بعد نکال پر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ محمد حسیب نے بتایا کہ ان کی فیملی کے علاوہ 53 افراد جو 11 گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے، وہ برفباری کے باعث ناران سے واپسی کے راستے میں پھنس گئے۔ اس بارے میں جب کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کیا گیا تو ادارے کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مظہر نے بتایا کہ ہم گذشتہ کئی دنوں سے سیاحوں کو تنبیہ کر رہے تھے کہ برفباری کی پیش گوئی ہے تو ناران، کاغان کا سفر کرنے سے اجتناب کریں کیونکہ برفباری سے وہ راستے بند ہو جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں  موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سیٹلائٹ ٹائون ‘ پیپلزکالونی‘ نوشہرہ روڈ ‘حافظ آباد روڈ‘ دھلے ‘گرجاکھ ‘ کیلاسکے‘ ڈی سی روڈ‘ گل روڈ‘ وحدت کالونی‘ سیالکوٹ روڈ‘جناح روڈ‘ ماڈل ٹائون‘ کھیالی‘ لوہیانوالہ‘ راہوالی‘ تلونڈی کھجور والی اور دیگر علاقوں میں پہلے سے جاری سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ہے۔ خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ انہوں نے صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرما میں گھریلو صارفین کیلئے سوئی گیس کی فراہمی ویسے ہی نہ ہونے کے برابر رہ جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن