• news

کراچی سی ٹی ڈی کی کاروائی مفتی عبداللہ حملہ کیس کا مفرور ملزم ساتھی سمت گرفتار

کراچی (این این آئی)کراچی میں مفتی عبداللہ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے قاتلانہ حملے میں ملوث مرکزی مفرور ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے ۔سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا ہے۔اس ضمن میںڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد نے پیرکی صبح پریس کانفرنس میں تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی عارف عزیز اور انچارج سی ٹی ڈی سیل راجہ عمر خطاب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمرشاہ نے بتایاکہ مرکزی ملزم کا نام حارث عرف فرحان عرف لنگڑا اور اس کے ساتھی کا نام ابوسفیان ہے،جسے محکمہ انسداد دہشت گردی نے کامیاب کارروائی کے دوران گرفتار کیاہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ملزماں کو کب اور کہاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ حارث عرف فرحان عرف لنگڑا اور اس ساتھی کے قبضے سے موٹرسائیکل،گولیاں اور پستول برآمد ہواہے۔انہوں نے بتایاکہ ملزم کی گرفتاری سے بیرون ملک موجود ساتھی بھی بے نقاب ہوگئے ہیں، ملزمان کو شہر میں فرقہ واریت کا ٹاسک دیا گیا تھا، ملزمان کو مذہبی شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کے لیے حوالہ ہنڈی سے رقم منتقل کی گئی تھی۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایاکہ ملزمان لیاری گینگ وار سے تعلق رکھتے ہیں،حملے آور گروپ کا تعلق متحدہ عرب امارات میں موجود لیاری گینگ وار کے زاہد شوٹر گروپ سے ہے۔زاہد شوٹر بھارتی ایجنسی را کے لیے کام کرتاہے ۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد کے مطابق مفتی عبداللہ کو سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے آسان ہدف بناکر ٹارگٹ کیا گیا اور مولانا عادل پر حملے کے بعد یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ایک فرقے کے علما ٹارگٹ پر ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن