گلگت بلتستان میں تبدیلی آگئی، جاتی عمرہ کے بیانیے کی تدفین ہوگئی: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) گلگت بلتستان انتخابات میں اپوزیشن کی شکست نوشتہ دیوار تھی۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں اپوزیشن کا عجیب وطیرہ ہے کہ جس الیکشن میں کامیابی ملے وہ درست، ورنہ دھاندلی کا واویلا کرتے ہیں۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں تبدیلی آ گئی ہے۔ عوام نے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات نے گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی پر مہر ثبت کی ہے۔ اپوزیشن کے پاس انتخابات میں کھڑے کرنے کیلئے امیدوار تک نہ تھے مگر الیکشن جیتنے کے مضحکہ خیز دعوے کرتے رہے۔ عوام نے الیکشن میں وزیراعظم عمران خان اورتحریک انصاف پراپنے مکمل اعتماد کا اظہارکیا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں جاتی عمرے کے بیانیے کی تدفین ہوگئی ہے۔ سیاسی مردے جہاں دفن ہورہے ہیں وہاں آہ و بقا اور چیخ و پکار جاری رہے گی۔ کیلبری کوئین حلیہ سلطان کے روپ میں شوٹنگ کیلئے گلگت گئی تھیں۔ پکنک تو ہوگئی لیکن جاتی عمرہ کے بیانیے کو ووٹ نہیں ملنے تھے اور اس بات کا انہیں خود بھی خوب علم ہے۔ بلاول کو اکسانے کا مریم کا منصوبہ ناکام ہوجائے گا کہ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے۔ گلگت کی عوام نے کیلبری کوئین اور فرزند زرداری کو ریجکٹ کردیا اب اچھے بچوں کی طرح شکست تسلیم کر لیں۔