• news

امریکی دباؤ کی رپورٹس مسترد: فلسطین کے  منصفانہ حل تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتے: پاکستان 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے میڈیا کے بعض حصوں میں آنے والی ان خبروں کو من گھڑت اور قطعی طور پر بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان پر امریکہ کا ’’دبائو‘‘ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جائے۔ میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری صراحت سے پاکستان کی پوزیشن واضح کردی ہے کہ جب تک فسلطین کے عوام کے اطمینان کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل نہیں ہوجاتا، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم نے زور دیا تھا کہ پاکستان کی اس ضمن میں پالیسی قائداعظم کی بصیرت کے روشنی میں پنہاں ہے۔ وزیراعظم کے ریمارکس قطعی واضح ہیں اور پاکستان کی اس مسئلہ پر پوزیشن کا اعادہ کرتے ہیں جس کے بعد کسی قسم کی قیاس آرائی کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔  اقوام متحدہ اور ’او۔آئی۔سی‘ کی متعلقہ قراردادوں، عالمی قانون کے مطابق پاکستان دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہے گا جس کے تحت 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف دارالحکومت کی حامل فلسطینی ریاست وجود میں آئے اور منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کی راہ ہموار ہو۔ 

ای پیپر-دی نیشن