ریپ3 واقعات سرگودھا میں زیادتی کے بعد 9سالہ بچی قتل
لاہور‘ سرگودھا، قصور، سیالکوٹ، سمبڑیال (نامہ نگاران+ نمائندگان) سرگودھا میں زمیندار کے بیٹے نے 9 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ قصور میں لڑکے کو نشانہ بنایا گیا، سیالکوٹ کے نواحی علاقہ میں شادی شدہ خاتون کے 6 سالہ بیٹے کو اغواء کر کے ملزم 6 ماہ تک زیادتی کرتا رہا۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا کے گاؤں للیانی میں بااثر زمیندار کے نوجوان بیٹے نے مبینہ طور پر زیادتی کے بعد 9 سالہ بچی کو گلا دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور نعش چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق کوٹ مومن کے گاؤں للیانی میں محنت کش کی 9 سالہ بیٹی سکول سے واپس آ رہی تھی۔ مبشر نے زبردستی قریبی کھیتوں میں لیجا کر زیادتی کے دوران گلا دبا کر 9 سالہ طالبہ سعدیہ کو قتل کر دیا اور نعش چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کے لئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی۔ جس کا علم ہونے پر ڈی پی او ذوالفقار احمد نے وقوعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او کوٹ مومن سرکل کی سربراہی میں انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے کے فوری تحقیقات کرنے اور ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق انور ٹاؤن پھولنگر میں اوباش نے نوجوان لڑکے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس نے نامزد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق سمبڑیال میں شادی شدہ خاتون کو بچے سمیت اغواء کر کے ملزم چھ ماہ تک زیادتی کرتا رہا، موقع پا کر خاتون گھر پہنچ گئی۔ تھانہ سمبڑیال کے علاقہ غوث پورہ میں بیوٹی پارلر کا کام کرنے والے شادی شدہ خاتون اور اسکے چھ سالہ بیٹے کو سفیان اغواء کرکے لے گیا اور چھ ماہ تک زیادتی کرتا رہا۔ رپورٹ پر پولیس نے اغواء اور زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا۔ سمبڑیال سے نامہ نگار کے مطابق ملزم کا بہنوئی صدام حسین بھی شریک جرم ہے۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس اقبال ٹائون نے 14 سالہ بچی سے زیادتی کے مقدمے میں 5 ماہ سے مطلوب اشتہاری ملزم سلمان کو گرفتار کر لیا ہے۔