• news

رمضان شوگر ملز کیس‘ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور (وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز سکینڈل کیس کی سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کرکے حمزہ شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج اسد علی نے  سماعت کی۔ حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میںجیل سے عدالت میںپیش کیا گیا۔ شہباز شریف کے نمائندے نے حاضری مکمل کرائی۔ سماعت پر گواہوں کو بیان قلمبند کرانے کے لئے طلب کیا گیا تھا تاہم متعلقہ جج کی رخصت کی وجہ سے ڈیوٹی جج نے سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ہوم سیکرٹری اور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن سے انتقام کی بجائے عوام کے مسائل پر توجہ دے۔ احتساب عدالت میںپیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو  میں  انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی کی خواہش پر بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جاتا ہے لیکن یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ مہنگائی اور بے روزگاری اس حکومت کا تحفہ ہے۔ حکومت کی توجہ عوامی مسائل حل کرنے کی طرف نہیں ہے۔ سیاسی طور پر مخالف رہنمائوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کے نتائج انجینئرڈ تھے جو کہ پہلے سے تیار شدہ تھے۔ عوام ایسے نتائج کو تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں۔ سلیکٹڈ نیازی، اداروں کو اپوزیشن کے پیچھے لگانے سے بھوک اور مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے فاقوں پر مجبور عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا۔ انہیں کھانے کو دو وقت کی روٹی چاہئے۔ کھلنڈرے حکمرانوں نے ملکی معیشت کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ حکومت اینٹی کرپشن کو پکڑ دھکڑ کیلئے استعمال کررہی ہے۔ سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں سے تلخیوں میں اضافہ ہوگا اور مزید درجہ حرارت بڑھ جائے گا۔ کٹھ پتلی کا کھیل ختم ہونے کو ہے۔ اب سیاسی میدان میں وہی بچے گا جو نوازشریف کے پیچھے کھڑا ہوگا۔ لاہور کے جلسے کی اجازت کٹھ پتلیوں سے برداشت نہیں ہوپا رہا حکومت جو مرضی کرلے لاہور کا جلسہ ضرور ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن