• news

ملکی ترقی کیلئے گورننس کو بہتر بنانا ہوگا، برآمدات بڑھانے کیلئے سستی بجلی کا پیکج دیا: عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ  نے کہا  ہے کہ گورننس میں بہتری کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے، جدید پاکستان کے لیے وفاق اور صوبے کی سطح پر گورننس میں بہتری لانا ہوگی،معیشت کی ترقی کے لیے سب کو مل کام کرنا ہے، کورونا کے باوجود پاکستانی معیشت نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا،برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے، انڈسٹری کے لیے سستی بجلی کا پیکچ دیا ہے۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے دی فیوچرسمٹ سے ویڈیولنک خطاب کے دوران کہا کہ ماضی کو سمجھے بغیر پیشرفت مشکل ہے، پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں سیاسی استحکام نہیں رہا اور کوئی بھی وزیراعظم اپنی مقررہ معیاد پوری نہیں کرسکا جب کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے اور سوال یہ ہے کہ وسائل سے مالامال ملک کے لوگ غریب کیوں ہیں۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستانی معیشت نے مثبت کارکردگی کا مظاہرہ کیا، حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں مالی امدادتقسیم کی اور کورونا صورتحال میں حکومت نے کاروباری برادری کے لیے خصوصی پیکیج دیا۔مشیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی برآمدات اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز ہے، برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت نے متعدد اقدامات کیے، سستے قرضے دیئے گئے اور گزشتہ سال 250 ارب روپے کے ریفنڈز دیے گئے جب کہ اب حکومت نے انڈسٹری کے لیے سستی بجلی کا پیکچ دیا ہے، ملک میں اب اضافی بجلی رعایتی ٹیرف پر استعمال کی جاسکے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن