• news

نارووال سپورٹس سٹی منصوبہ: احسن اقبال کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔ احتساب عدالت میں دائر کیئے گئے کرپشن ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے وفاقی حکومت کے فنڈز صوبائی منصوبے میں خرچ کروائے۔ قومی احتساب بیورو کی جانب سے اسی ریفرنس میں سابق ڈی جی سپورٹس بورڈ اختر نواز کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نیب نے نارووال سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات پر احسن اقبال کو گزشتہ برس 23دسمبر 2019 کو گرفتار کیا تھا۔ نیب دستاویز میں کہا گیا تھا کہ نارووال سپورٹس کمپلیکس سٹی منصوبے کی لاگت 34اعشاریہ 410ملین روپے سے بڑھا کر 97اعشاریہ 520ملین کی گئی اور لاگت بڑھانے کی کسی مجاز اتھارٹی یا فورم سے منظوری نہیں لی گئی۔ منصوبہ ریکارڈ کے ساتھ 15مارچ 2012 کو پنجاب حکومت کے حوالے کیا گیا۔ پنجاب سپورٹس بورڈ کو منصوبہ حوالے کرنے کے باوجو احسن اقبال نے اس پر وفاقی حکومت کے فنڈز خرچ کئے۔

ای پیپر-دی نیشن