کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ خارج
کراچی (نیٹ نیوز) کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف مزار قائد پر نعرے بازی اور بے حرمتی کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے مقدمہ جھوٹا ہونے سے متعلق پولیس کی بی کلاس کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مقدمے کو خارج کرنے اور سی کلاس کرنے کا حکم دیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مدعی مقدمہ کے مطابق تفتیشی افسر حقائق کو سامنے لانے میں ناکام رہا جبکہ تفتیشی افسر کے مطابق مدعی مقدمہ کو بیان کے لئے 3 بار نوٹس جاری کئے اور پیش نہیں ہوئے۔ مزار قائد سکیورٹی ہیڈ، قاری صاحب اور گواہان نے بھی کہا کہ انہوں نے مدعی مقدمہ کو مزار پر نہیں دیکھا اور مدعی کے گواہان بھی واقعہ کے وقت مزار قائد پر موجود نہیں تھے۔ مزار کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق کوئی معلومات ریکارڈ پر نہیں ہے۔ تاہم پولیس کی جانب سے مقدمے کو جھوٹا قرار دینا نامناسب ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن وقاص احمد خان نے مزار قائد کی بے حرمتی اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔