معید یوسف سے ملاقات: برطانوی ہائی کمشنر کی بھارتی دہشتگردی کی دستاویز میں دلچسپی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) معاون خصوصی قومی سلامتی ڈویژن، ڈاکٹر معید یوسف سے برطانوی ہائی کمشنر، ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی۔ سرکاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے بھارتی دہشتگردی کی دستاویزکو سنجیدگی سے پرکھنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ڈاکٹر معید نے ان سے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ عالمی برادری بھارت کو خطے میں تنازعات روکنے کے لیے کہے۔ دنیا کو کشمیریوں کی آزادی کی حمایت کرنی چاہئے۔ کشمیر میں بھارت کے جارحانہ اور غیر ذمہ دارانہ رویے پر تشویش ہے۔ انہوں نے برطانوی ہای کمشنر کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ افغانستان میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا جائیگا۔