ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ: تقریبات جاری، وزیراعلیٰ کے گاؤں میں بھی ریلی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعلان کردہ ہفتہ شان رحمت للعالمین کے تیسرے روز بھی صوبہ بھر میں نبی اکرمؐ کی مدحت سرائی کے لئے نعت خوانی، محافل میلاد، سیرت کانفرنسوں، کوئز پروگرامز، محافل سماع اور تعلیمی اداروں میں سیرت النبیؐ کے موضوع پر تقریری مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا۔ تقریبات کے شرکاء نے نبی پاکؐ سے اپنی وابستگی کو ایمان کی شرط اول قرار دیتے ہوئے محسن انسانیت کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ناموس رسالتؐ کے ہر قیمت پر تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ ہفتہ شان رحمت للعالمین کے موقع پر ہر شہر میں مساجد کو روشنیوں سے سجا دیا گیا۔ ڈی سی آفس لاہور میں اس مقدس ہفتے کی مناسبت سے محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں ڈی سی لاہور اور صدر پی ٹی آئی پنجاب چوہدری اعجاز سمیت متعدد ایم پی ایز اور دیگر افراد نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے آبائی گائوں بارتھی میں بھی رحمت عالم ریلی نکالی گئی جو وزیراعلیٰ کی رہائش پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ مقامی انتظامیہ اور عوام کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ گوجرانوالہ‘ فیصل آباد‘ سمندری‘ ساہیوال‘ وہاڑی‘ چنیوٹ‘ لودھراں‘ رحیم یار خان اور لیہ میں بھی سرکاری سطح پر محافل اور سیرت کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا۔ دوسری طرف معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہفتہ شان رحمت للعالمین ﷺ کے تیسرے روز کی تقریبات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی مسلمان ملک کے سربراہ نے اقوام متحدہ میں رسول کریم ﷺ سے محبت و عقیدت اور مسلمانوں سے ان کی جذباتی وابستگی کی کھلے آواز وانداز میں بات کی اور یقینا ہمارے وزیراعظم عمران خان کا یہ اقدام ہمارے لئے باعث فخر ہے۔ انہی خطوط پر چلتے ہوئے پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں شان رحمت للعالمین منانے کا فیصلہ کیا۔ یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات اور تمام مکاتب فکر و مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد سرکار دو عالم ﷺ کی شان بیان کرنے کیلئے ہم آواز ہیں۔ آقا ﷺ کی ذات ہم سب کیلئے منبع و محور ہے۔