• news

 چینی سفیر کی ملاقات، پاک چین دوستی حکومتی تعلقات سے آگے بڑھ چکی،  اسد عمر 

اسلام آباد (  نمائندہ خصوصی )پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی ،ملاقات میں سی پیک کے تحت منصوبوں پر بات ہوئی ،وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو خوش آمدید کہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ،اسد عمر نے کہا کہ پاک چین دوستی حکومتی تعلقات سے آگے بڑھ چکی، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رشتے بہت مضبوط ہیں ،ملاقات میں خصوصی طور پر سی پیک کے تحت صنعتی تعاون پر بات ہوئی ،ملاقات میں سی پیک پر قائم ورکنگ گروپس کے حالیہ اجلاسوں پر اطمینان کااظہار کیا گیا ،وزیر منصوبہ بندی اور چینی سفیر نے مل کر سی پیک کے دوسرے مرحلے کو کامیاب بنانے پر اتفاق کیا ،چینی سفیرنے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتاہے ۔مزید براں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اسلام آباد کے قریب ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کی کوششوں میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے تاکہ خطے میں صنعتکاری کو بہتر فروغ ملے اور معیشت مستحکم ہو۔اسد عمر نے اسلام آباد کے قریب ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کے لئے آئی سی سی آئی کی تجویز کی مکمل حمایت کی اور کہا کہ وہ اس اہم منصوبے کی منظوری کے لئے ایک سمری حکومت کو پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سیکشن 4کے تحت صنعتی اسٹیٹ کے لئے زمین خریدنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے صنعتکاری کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اہم ترجیح لہذا خطے میں نئے صنعتی زون کیلئے چیمبر کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر کو اسلام آباد میں ایک نئی انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی ضرورت کے بارے میں ایک تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ آئی سی سی آئی وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کو فروغ دینے اوراس کو کامیاب بنانے میں حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نوجوانوں کو مقامی صنعتوں اور ایس ایم ایز سے منسلک کرنے میں معاونت کرے گا تا کہ ان کو صنعتی شعبے میں روزگار فراہم ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نوجوانوں کو صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ منسلک کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا تاکہ باصلاحیت نوجوان بزنس اسٹارٹ اپ شروع کرنے میں سہولت محسوس کریں۔

ای پیپر-دی نیشن