• news

مشال قتل کیس: مرکزی ملزم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل

پشاور (نیٹ نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے مشال قتل کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی مجرم عمران کی سزائے موت کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ ضمانت پر رہا 25دیگر مجرموں کو دوبارہ گرفتار کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے کیس میں باقی تمام اپیلیں خارج کر دی ہیں۔ حکومت اور مشال کے والد نے اپیلیں دائر کی تھیں جبکہ سزا یافتہ مجرموں نے بریت کیلئے اپیلیں دائر کی تھیں۔ خیال رہے کہ مشال خان کو 2017ء  میں مردان یونیورسٹی میں ہجوم نے تشدد کرکے مار دیا تھا۔جسٹس لعل جان خٹک اور جسٹس عتیق شاہ نے یہ فیصلہ سنایا۔پشاور ہائیکورٹ نے ملزموں کی تین سال کی سزا، عمر قید کی سزا پانے والے 7 مجرموں اور باقی ملزمان کی سزا کو بھی برقرار رکھا ہے۔ مشال قتل کیس میں 61 ملزموں کو نامزد کیا گیا تھا۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے مرکزی مجرم عمران کو سزائے موت سنائی تھی، 7 مجرموں کو 25،25 سال کی سزا جبکہ 25 مجرموں کو تین تین سال قید کی سزا ہوئی تھی جبکہ 28 ملزمان کو بری کیا گیاتھا۔

ای پیپر-دی نیشن