• news

  نارووال اسپورٹس سٹی کیس احتساب عدالت نمبر 3 کومنتقل 

 اسلام آباد(نا مہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی کیس احتساب عدالت نمبر 3کو منتقل کر دیاہے، عدالت نے ملزمان کو 30نومبر کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں،جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے انچارج جج محمد بشیر نے احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس دائر ہونے کے بعد جج اصغر علی کو منتقل کر دیا۔قومی احتساب بیورو (نیب)راولپنڈی نے احسن اقبال کے خلاف ریفرنس دائر کیا ہے ۔اسپورٹس سٹی کیس کا تمام ریکارڈ بھی احتساب عدالت نمبر 3منتقل کر دیا گیا ہے، احسن اقبال اس سے پہلے احتساب عدالت نمبر 1میں پیش ہو رہے تھے۔نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت کے دوران احسن اقبال، اختر نواز گنجیرا اور سرفراز رسول عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے دیگر ملزمان کو بھی 30نومبر کو طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے۔عدالت نے حکم دیا کہ نامزد ملزم آصف شیخ اور محمد احمد بھی 30نومبر کو عدالت میں پیش ہوں۔احتساب عدالت نے آئندہ سماعت سے پہلے تمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ یہ کیس ایف آئی اے سے ہمیں منتقل ہوا تھا، عدالت اجازت دے، ہم ایف آئی اے گوجرانوالہ سے پرانا ریکارڈ بھی لانا چاہتے ہیں، فولڈرز بنانے کیلئے ایف آئی اے کا ریکارڈ بھی درکار ہو گا۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت سے پہلے تمام کارروائی مکمل کر کے نقول ملزمان کو فراہم کریں۔احتساب عدالت نے نارووال اسپورٹس سٹی کیس کی سماعت 30نومبر تک ملتوی کر دی۔سماعت کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ میرے مقدمے کی سماعت لائیو کی جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھونڈے الزامات پر ہماری کردار کشی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن