اشرف آصف جلالی 4 ماہ بعد رہا، شاندار استقبال، پھول نچھاور
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراطِ مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کو چار ماہ بعد کوٹ لکھپت جیل سے باعزت رہا کر دیا گیا۔ کارکنوںکی بڑی تعداد انہیں لیکر قافلے کی صورت میں کوٹ لکھپت جیل سے مرکز صراط مستقیم تاج باغ پہنچی۔ شہریوں نے راستے میں جلو س کا استقبال کیا اور پھولو ں کی پتیاں نچھاور کیں۔ رہائی کے موقع پرڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ جھوٹا الزام لگانے والوں کا دنیا اور آخرت میں تعاقب کرو ں گا اور وہ دنیا و آخرت میں رسوا ہونگے۔ فرانس کی گستاخانہ جسارت پر حکومت پاکستان کا تا حال رد عمل نامکمل اور کمزور ہے۔ سرکاری سطح پر فرانس کی جسارت پر فرانس کے ملعون صدر کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے۔ قبل ازیں رہائی کے موقع پر جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنما قاری زوار بہادر، پاکستان سنی تحریک کے شریف الدین قذ افی، آستانہ عالیہ کو ٹلہ شریف کے سجادہ نشین ڈاکٹر میاں صغیر احمد، عبدالرشید اویسی، فرمان علی حیدری، میاں محمد لطیف، میاں محمد شفیع جلالی، مفتی محمد اسحاق جلالی، شیخ الحدیث مفتی محمد راشد رضوی سمیت ہزاروں کارکنان نے شاندار استقبال کیا۔