ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ: تقریبات جاری، لاہور میں سیرت کانفرنس، ریلی
لاہور، چنیوٹ (خصوصی نامہ نگار، نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کی روشنی میں ہفتہ شان رحمت للعالمین کا چوتھا روز بھی مذہبی جوش و خروش اور نبی پاکؐ سے عقیدت و محبت کے جذبات کے اظہار کے ساتھ منایا گیا۔ صوبہ بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں محافل میلاد ، نعتیہ مشاعروں، سیرت کانفرنسز اور سماع کی محفلوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان تقریبات کے شرکاء نے آنحضرتؐ کے ساتھ اپنی بھرپور محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا جو عناصر انبیاء اور مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کے مرتکب ہوتے ہیں ان سے کسی قسم کا سمجھوتہ ناممکن ہے۔ ٹائون ہال لاہور میں کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن کی زیرصدارت سیرت النبیؐ پر علماء و مشائخ کانفرنس منعقد ہوئی۔ ڈیرہ غازی خان میں پنجاب کونسل آف آرٹس کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کی۔ دربار سخی سرور سے ریلی نکالی گئی۔ ننکانہ صاحب، راجن پور، دانش سکول حاصل پور، پاکپتن، لیہ، رحیم یار خان، بہاولنگر، چکوال، سرگودھا، چنیوٹ، اوکاڑہ، فیصل آباد، لودھراں، کہروڑ پکا، وہاڑی اور ساہیوال میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دریں اثناء پی ایچ اے لاہور کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت للعالمینؐ کے حوالے سے جیلانی پارک میں سیرت البنیؐ کانفرنس اورگستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی اور کانفرنس میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ہارٹیکلچر اینڈ ٹورازم آصف محمود کی بطور مہمان خصوصی شرکت۔ چیئرمین پی ایچ اے انجینئر یاسرگیلانی، وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید، ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی، ایڈیشنل ڈائریکٹر پی ایچ اے طارق محمود بخاری اور معروف نعت خواں ڈاکٹر محمد عبداللہ آصف مصطفائی نے بھی شرکت۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلی پنجاب آصف محمود نے کہا کہ ناموس رسالتؐ کے تحفظ کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شان رحمت للعالمین ؐ ویک کی تقریبات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام شان مصطفی ریلی نکالی گئی جسکی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کی۔ محکمہ ہائرایجوکیشن پنجاب کے زیراہتمام ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے حوالے سے صوبہ بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے 7ہزار سے زائد طلباوطالبات کے مابین قرآت، نعت اور تقاریر کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں نے کی۔ اس موقع پر صوبائی وزرائ، ارکان اسمبلی، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور طلباو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ ہائیرایجوکیشن ارم بخاری نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد نبی اکرمؐ کی تعلیمات سے نوجوان نسل کو روشناس کروانا ہے۔ صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیﷺ کی ذات بابرکات ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے۔ تقریب سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ڈرامیٹک کلب کی جانب سے ڈرامہ پیش کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر پنجاب بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباوطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔