فلسطین کا 6 ماہ بعداسرائیل کے ساتھ رابطہ بحالی کا فیصلہ
غزہ، مقبوضہ بیت المقدس ( نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ )فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ چھ ماہ سے معطل رابطے بحال کرنے اور متحدہ عرب امارات اور بحرین میں اپنے سفیروں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ اسرائیل کی جانب سے موصول ہونے والے اس خط کے بعد کیا گیا جس میں اسرائیل نے ماضی کے تمام معاہدوں کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ فلسطین نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے پر متحدہ عرب امارات اور بحرین سے احتجاجاً اپنے سفیر بھی واپس بلا لئے تھے۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کے پہاڑی علاقے کا پہلادورہ کیا ،اس موقع پر کہا ٹرمپ کا فیصلہ غلط نہیں،کہہ سکتے ہیں یہ علاقہ اسرائیل کا ہے،اسرائیل نے1967ء میں شام سے جنگ کے دوران گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کیا تھا۔