دنیا کو بھارتی دہشتگردی کے بارے میں ٹھوس ثبوت دے دیئے، صدر عارف علوی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ دنیا کو بھارت کی طرف سے پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی کرنے کے بارے میں ٹھوس ثبوت دے دیئے گئے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت، سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر وقت چوکس ہیں اور بھارت کے کسی شر انگیز منصوبے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صدر نے کہا کہ ہم تمام سازشوں کے خلاف پاکستان کا دفاع جاری رکھیں گے۔ لیکن میں اقوام عالم سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور اس کی قراردادوں پر یقین رکھتے ہیں تو وہ انصاف کریں اور اگر وہ خطے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں تو بھارت کو اس کے مذموم اقدامات پر جواب دہ بنائیں۔