• news

ڈیفالٹ سرچارج ادا نہ کرنے والے لاہور کے 200 کاروباری افراد کو نوٹس 

لاہور(کامرس رپورٹر) ایف بی آر نے سال2019ء کی ایمنسٹی سکیم میں اثاثے اور سیاہ دھن سفید کرنے کے باوجود ٹیکس اور ڈیفالٹ سر چارج کی ادائیگی نہ کرنے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کا سلسلہ شروع کردیا  ہے اور لاہور سے تعلق رکھنے والے ان 1200 کاروباری افراد  کو نوٹسزجاری کر دئیے ہیں۔ جنہوں نے   ایمنسٹی سکیم کے تحت  اثاثہ جات ڈیکلیئر کئے تھے۔ ریجنل ٹیکس آفس کی طرف سے ایک ماہ قبل ایمنسٹی سکیم میں اثاثے ظاہر کر کے بروقت ڈیفالٹ سرچارج ادانہ کر پانیوالے سرمایہ کاروں کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔ ایمنسٹی سکیم کے تحت ٹیکس گزار اپنے پاس موجود سیاہ دھن اور غیر ظاہر کردہ اثاثہ جات کی تفصیلات خود ہی ایف بی آر کو جمع کروا چکے ہیں۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں کے ذمے ڈیفالٹ سر چارج کی مد میں 64 کروڑ 46 لاکھ روپے واجب الادا تھے۔ دوسری جانب ایف بی آر نے سال2020ء کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 8 دسمبر کے بعد مزید توسیع نہ کرنے کا عندیہ دیدیا۔ ایف بی آر نے ہدایت کی ہے دسمبر کے بعد قانونی کارروائی ہوگی۔ ایف بی آر کے مطابق 500 مربع گز سے زیادہ کا گھر یا 1000 سی سی سے زیادہ گاڑی کے مالکان گوشوارے جمع کرانے کے پابند ہیں۔ بجلی کے سالانہ کمرشل بل کی مد میں 5 لاکھ سے زائد ادائیگی کرنے والوں کیلئے بھی گوشوارے جمع کروانا لازمی ہے۔ کاروباری آمدنی کی مد میں سالانہ تین لاکھ سے زائد  تنخواہ کی مد میں سالانہ چھ لاکھ سے زائد آمدنی والے تنخواہ دار ملازمین کیلئے بھی گوشوارے جمع کرانا لازمی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن