شہباز شریف‘ حمزہ کو بکتر بند نہیں بلٹ پروف گاڑی میں پیش کیا جائے: احتساب عدالت
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو بکتر بند گاڑی میں پیش کرنے سے روکتے ہوئے ملزمان کو بلٹ پروف گاڑیوں میں عدالت میںپیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بکتر بند گاڑی میں عدالت پیشی کے خلاف درخواستوں پرسماعت کی۔ درخواست گزاروں نے موقف اپنایا تھا کہ وہ کمر درد میں مبتلا ہیں اس کے باوجود سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انہیں زبردستی بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جاتا ہے۔ دوران سماعت ایڈیشنل ہوم سیکرٹری اور ایس پی سکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی جس میں موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف کی جان کو خطرے کے باعث بکتر بند گاڑی میں پیش کیا جاتا ہے۔ فاضل عدالت نے دونوں ملزمان کو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں 26 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔