• news

چیف الیشن کمشنر گلگت تحریک انصاف کی حکومت بنانے میں لگے ہیں بلاول شکوک پیدا نہ کریں

گلگت+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) گلگت بلتستان انتخابات میں کامیاب ہونیوالے 5 آزاد ارکان اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ الیکشن کمشنر جی بی ڈھٹائی سے ٹی وی پر  کہہ رہے ہیں انتخابات شفاف تھے۔ الیکشن کمشنر نے ہمارے امیدوار کو بھی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بننے دیا۔ ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں یہ الیکشن کمشن نہیں پی ٹی آئی کا الیکشن ونگ ہے۔ ادھر چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شہبات پیدا نہ کریں۔  گلگت بلتستان اسمبلی کے الیکشن جیتنے والے 4 آزاد امیدواروں نے  وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور، سیف اللہ نیازی اور ارشد داد سے ملاقات کی۔ وزیر محمد سلیم، ناصر علی خان، مشتاق حسین اور حاجی عبدالحمید نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔  آزاد ارکان کی شمولیت کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی نشستیں 14 ہو گئی ہیں اور وہ باآسانی حکومت سازی کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات مواد سعید نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی صرف حکومت نہیں بلکہ مضبوط حکومت بننے جا رہی ہے۔ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف دو تہائی اکثریت والی جماعت بن گئی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بیٹھی حکومت جنوری تک کی مہمان ہے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے گلگت بلتستان کا کیس عوام کے سامنے لیکر جائیں گے۔ گلگت میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا گلگت بلتستان کے عوام سب سے زیادہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ الیکشن میں واضح  اکثریت نے ہمارا ساتھ دیا۔ عوام ووٹ کے تحفظ کی جدوجہد تک ہمارے ساتھ رہے۔ آر ٹی ایس کا بہانہ بھی نہیں مگر پتا نہیں ہمیں فائنل رزلٹ دینے میں کیوں تاخیر کی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف والے ہر آزاد امیدوار کے پاس جاکر کہہ رہے ہیں کہ تم وزیراعلیٰ بنو گے، پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لو۔ یہ ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکے کہ وزیراعلیٰ کون ہوگا۔  بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان پر الزام لگایا ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمشنر گلگت بلتستان اپنے عہدے کا پاس نہیں رکھ سکے وہ اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لائیں۔ الیکشن کمشنر سیاسی لوگوں کے پاس جاکر بیٹھتے ہیں۔ سازش کے تحت خواتین کو ووٹ کا استعمال نہیں کرنے دیا گیا۔ آزاد امیدوار صرف جنوری تک انتظار کریں ہم کٹھ پتلی حکومت سے آزادی لیکر رہیں گے۔ جی بی 2 گلگت 2 سے جلد خوشخبری ملے گی۔ پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر نے  کہا  کہ سیاستدان من گھڑت اور بے بنیاد الزامات لگانے سے گریز کریں، جی بی کے عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔  قوانین سے ہٹ کر کوئی چیز ہوئی  تو ثبوت دیں، الزامات لگانے والوں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ انہوں  نے کہا کہ گورنر کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر اگست 2019 کی ہے، بلاول بھٹو کو چھوٹی باتیں زیب نہیں دیتیں،  وہ لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا نہ کریں۔  پیپلز پارٹی ڈی سی کے دفتر قانون کا دروازہ کھٹکانے نہیں توڑنے گئی تھی، اگر وہ میرے پاس آتے تو میں اپنے سامنے ری کاؤنٹنگ کراتا۔ چیف الیکشن کمشنر کہا کہ جی بی کے حلقہ نمبر 2 میں دوبارہ گنتی ہوئی، جس وجہ سے نتائج میں تاخیر ہوئی۔ ری کاؤنٹنگ میں ایک ایک ووٹ کی کاؤٹنگ امجد اور فتح کے سامنے ہوئی، امجد حسین نے اپنے حلقے میں 11 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، امجد حسین بتائیں کیا انہوں نے 11 ہزار سے زائد ووٹ دھاندلی سے لئے ہیں، رزلٹ تبدیل کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ راجہ شہباز نے کہا کہ جسٹس علی بیگ کی سربراہی میں الیکشن ٹریبونل قائم کردیا ہے جو  آج سے کام شروع کرے گا، جس کو شکایت یا کوئی مسئلہ ہے وہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرے، الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد ری پولنگ اور ری کاؤنٹنگ ہوگی۔ امن و امان  خراب ہونے کی ذمہ داری سیاسی جماعتوں پر عائد ہوتی ہیں۔ نتائج کی تاخیر ہونے کے پیچھے بھی سیاسی جماعتیں ہیں۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ مینڈیٹ چرایا‘ مینڈیٹ ہوتا کیا ہے؟ ٹرمپ بھی کہتا ہے کہ دھاندلی ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن